اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیرمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کشمیری نوجوان رضاکاروں کے کامیاب ریسکیو آپریشن پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جب بھارت نے قدرتی آفات کے دوران کشمیریوں کو تنہا چھوڑا تو کشمیری نوجوان آگے بڑھے اور انہوں نے قیمتی جانوں کو بچایا اب دنیا کو پتہ چل جانا چاہئے کہ کشمیری بھارت سے کیوں اتنی نفرت کرتے ہیں ۔مصیبت کی گھڑی میں بھارت صرف اپنی پی ایس ایف، وی وی آئی پیز، غیر ملکی سیاحوں اور منظور نظر افرادکو ریسکیو کرتا رہا۔ بھارتی وزیراعظم کووادی کے متاثرین کا حال جاننے کی توفیق نہیں ہوئی۔ 50 لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے۔ وہ جمعہ کے روز یہاں کشمیر ہائوس میں وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے متاثرین ابھی تک مصیبت میں ہیں، او آئی سی آگے بڑھ کر ان کی مدد کرے۔
اسلامی ترقیاتی بینک تباہ شدہ انفراسٹر کچر کی تعمیر کے لئے منصوبے شروع کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے دیگر حصوں سے دھڑا دھڑ امداد ی سامان وادی پہنچ رہا ہے اور وہاں زندگی ابھی تک معمول پر نہیں آئی۔ وزیراعظم نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ مصیبت اورآزمائش کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کی مدد کرے اور اسلامی ترقیاتی بینک بحالی کے منصوبے شروع کرنے کے لئے مالی ضروریات پوری کرے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جانوں کے نقصان کے علاوہ کھربوں کی جائیداد یں ،فصلیں اورپھل تباہ ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی،مولوی عمر فاروق، یاسین ملک، شبیرشاہ اور دیگر کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔