راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق تین اپریل سے ہونے والی بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے اور گلگت بلتستان کی شاہراہیں اب بھی ایک سو پچھہتر مقامات سے بند ہیں۔ پاک فوج کے جوان اور مشینری سڑکوں کی بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قراقرم ہائی وے پر آنے والی ایک سو آٹھ لینڈ سلائیڈز کلیئر کر کے متاثرہ چار سو پچھہتر کلو میٹر کا روڈ بحال کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت اور اسکردو میں بائیس لینڈ سلائیڈز کلیئر اور ایک سو پچیس کلو میٹر طویل سڑکیں بحال کی جا چکی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے چلاس، برسین اور پتن کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ امدادی سامان میں خیمے، خوراک کے پیکٹ، ادویات اور کمبل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت کیلئے تینتیس ٹن گندم بھی روانہ کر دی گئی ہے۔