اسلام آباد (جیوڈیسک) سمیع الحق نے کہا ہے کہ حکومت بغیر ثبوت کسی کارروائی کو طالبان کے کھاتے میں نہ ڈالے، مذاکراتی عمل کو داخلی سازشوں سے بچایا جائے، منزل کی طرف چل پڑے ہیں، مذاکرات ضرور کامیاب ہوں گے، دوسری جانب حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کے لئے کل لائحہ عمل تیار ہو گا۔
عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر بات کرتے ہوئے سمیع الحق نے کہا کہ امن دشمنوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔ امریکا، بھارت مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بغیر تحقیق کسی کارروائی کو طالبان کے کھاتے میں نہ ڈالے۔
طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا منزل کی طرف چل پڑے ہیں۔مذاکرات ضرور کامیاب ہوں گے ، مذاکراتی عمل کو داخلی سازشوں سے بچایا جائے۔
دریں اثناء اسلام آباد ائیرپورٹ پر مولانا سمیع الحق اور عمران خان میں ملاقات ہوئی جس میں جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان سے مذاکرات کے حامیوں اور مخالفین کا پتہ چل جائے گا۔
دونوں رہنماؤں میں اسی ہفتے تفصیلی ملاقات پر اتفاق بھی ہوا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم حکومتی کمیٹی کے مستقبل کا فیصلہ بھی کل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی قائم رکھنا ہو گی تو اِس میں توسیع ہو گی اور فرنٹ پر وزیر داخلہ کو بٹھانا ہو گا۔
حکومتی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے علاوہ بھی بعض قوتیں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔