اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ آٹا چینی اور رنگ روڈ اسکینڈل سمیت تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل نیب، ڈی جی آپریشنز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے بڑی مچھلیوں کے خلاف اربوں روپے کے 1269 ریفرنسز عدالتوں میں دائر کیے ہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اورکرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں بلکہ صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب پربلاجواز تنقید کرنے والے عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر ریفرنسز کا دفاع کریں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب شوگر، آٹا اور رنگ روڈ اسیکنڈل، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گا، اختیارات کا ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے، غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اسکینڈلزکو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، اس کے علاوہ مضاربہ اسکینڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلئے کوشاں ہیں۔