زکام کی علامات قبل از وقت کیسے جانیں

Flu

Flu

موسم سرما میں خود کو صحت مند رکھنے کے لیے کون سے اقدامات پہلے سے اُٹھانے چاہیں، آئیں آپ کو بتائیں۔

بھرپور نیند

کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہمارا جسم کچھ سگنل دیتا ہے اور ہماری پہلی غلطی یہ ہوتی ہے کہ ہم انہیں نظر انداز کرتے ہیں۔ کبھی آپ کو اتنی تھکاوٹ محسوس ہوئی کہ جس میں گھنٹوں نہیں بلکہ دنوں سونے کا دل چاہے؟ یہ علامت ہے کہ آپ کا مدافعتی نظام کمزور پڑ رہا ہے۔ تو فوراً بستر سنبھالیں اور رات بھر ڈٹ کر سوئیں۔ چاہے آپ زیادہ سونے کے عادی نہ بھی ہوں تو تب بھی آپ جتنا سوئیں گے اتنا آپ کی صحت کو فائدہ پہنچے گا۔ ایک تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ جو لوگ روزانہ سات یا اس سے کم گھنٹوں کی نیند لیتے ہیں، ان میں زکام کا خطرہ آٹھ یا زیادہ گھنٹے سونے والوں سے تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔

زیادہ پانی

جب آپ کو محسوس ہو کہ آپ ناک کے ذریعے آسانی سے سانس نہیں لے پا رہے، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے نتھنوں میں اتنی نمی موجود نہیں کہ وہ زکام کے جراثیم کو روک سکے۔ آپ کو فوری طور پر پانی پینے کی ضرورت ہے اور اس سے ناک نم رہتی ہے اور ایسے وائرس بہہ جاتے ہیں۔

ذہنی دباؤ نہ لیں

اگر آپ کو کوئی اہم کام درپیش ہے، اس کا دباؤ ذہن پر موجود ہے تو آپ کو زکام ہو سکتا ہے۔ ماہرین اب بھی ذہنی دباؤ اور مرض کے درمیان تعلق کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ تناؤ مدافعتی نظام کے لیے اچھا نہیں ہے۔ ایک تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جن لوگوں کے ذہن پر زیادہ دباؤں رہتا ہے وہ زیادہ بیمار ہوتے ہیں۔

گلے کی خراش اور غرارے

اگر آپ کو گلے میں خراش محسوس ہو تو نمکین پانی کے غرارے سے بہتر کچھ نہیں ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ غرارے حلق میں سوجن اور بلغم کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ایک جاپانی تحقیق میں دیکھا گیا کہ 60 دن تک غرارے کرنے والے افراد میں زکام میں 40 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ اس کے لیے ہلکے گرم پانی کا استعمال کریں اور آدھا چائے کا چمچہ نمک ڈالیں۔

گرم پانی سے غسل

اگر آپ معمول سے زیادہ بار اپنی ناک صاف کر رہے ہیں تو یہ بیمار پڑنے کی علامت ہو سکتی ہے، یا پھر موسمی نزلہ زکام کی۔ دونوں صورتوں میں گرم پانی سے نہانا بہترین ہے۔