فلائی اوور سے دہشت گردی کی وارداتیں کی جانے لگیں

Fly Over

Fly Over

کراچی (جیوڈیسک) شہریوں کی سہولت کے لیے بنائے جانے والے فلائی اوور دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے لیے محفوظ مقام بن گئے جہاں سے دہشت گرد چلتی گاڑی یا موٹر سائیکل سے دستی بم، کریکر اور ٹینس بال بم پھینک کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں گزشتہ کئی ماہ سے دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کی جانب سے فلائی اوورز سے دھماکا خیز مواد پھینکے جانے کا سلسلہ جاری ہے جس میں گزشتہ سال 2 دسمبر کو دوسرے حملے میں کے پی ٹی انٹر چینج فلائی اوور سے نشانہ بنایا گیا جس میں بال بم پھینکے گئے اور جدید ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی گئی جبکہ چند روز قبل اسی فلائی اوور سے قیوم آباد چورنگی پر 2 کریکر پھینکے گئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔

گزشتہ جمعہ کو سہراب گوٹھ فلائی اوور کے اوپر سے پولیس موبائل پر پھینکا جانے والا بوتل کین بم وہاں سے گزرنے والی ہائی روف پر گرا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے اور گاڑی تباہ ہو گئی، ہفتہ کے روز دہشت گردوں نے بنارس فلائی اوور سے پیر آباد تھانے پر ٹینس بال بم پھینکا جس کے دھماکے سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔