لاہور (جیوڈیسک) سول ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان شیر علی نے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کودھند کی وجہ سے 170 پروازوں کو دوسرے ائیرپورٹوں کی طرف منتقل کرنا پڑا جس سے ائیر لائن کو 15 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کر نا پڑا لیکن مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ مسافروں کو انتہائی پریشانی کا سامنا ہے لیکن ان سے اپیل ہے کہ دھند قدرتی آفت ہے اور 15 جنوری تک اس میں کافی کمی آجائے گی صبر اور برداشت سے کام لیں، ائیرپورٹ کے فرنیچر اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ اور عملے کیساتھ ہاتھا پائی سے اس قدرتی آفت میں کمی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایل ایس کیٹ 3 ٹیکنالوجی کی تنصیب کیلئے متعدد کمپنیوں کو بلایا ہے جلد ہی اس پر کام شروع کر دیا جائے گا جس سے شدید دھند میں پروازوں کو اڑان بھرنے اور لینڈنگ میں آسانی ہو گی۔