لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پانامہ لیکس کی دستاویزات کو جعلی قرار دیدیا، کہتے ہیں جب تک تصدیق شدہ رپورٹ سامنے نہیں آتی ایسے انکشافات کی کوئی حیثیت نہیں۔
پانامہ لیکس کے انکشافات پر ردعمل میں پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ ملک کی قومی سیاسی لیڈرشپ کے خلاف منفی پراپیگنڈہ ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسی اخبار میں چھپی خبر صحیفہ آسمانی نہیں ، جب تک ایسے الزامات کی کوئی ذمہ دار ادارہ تحقیق کرکے رپورٹ نہیں دیتا اس کی کوئی حیثیت نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پانامہ لیکس کی تمام دستاویزات جھوٹ پر مبنی ہیں ، ایسے منفی ہتھکنڈوں پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہیئے ، ایسے ایجنڈے سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔