کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں پانی کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ روزی روٹی سے محروم غریب عوام کو پانی سے بھی ترسانا سراسر کارِ یزیدی ہے۔
ہائیڈ رنٹس کے کاروبار کو فروغ اور ٹینکر مافیا کو لوٹ مار کے مواقع کی فراہمی کیلئے پانی کی لائنوں کو خشک کردینا عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس عوام دشمنی پر بحث کیلئے بلائے گئے اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی عدم شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھ حکومت پاکستان کے معاشی و تجارتی حب پر حق ِحکمرانی کا حصول تو چاہتی ہے مگر اس کے مسائل اور عوام کی پریشانیوں سے اسے کوئی غرض یا سروکار نہیں ہے۔
امیر پٹی نے گلگت میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں پائیلٹس اور غیر ملکی سفیروں کی حادثاتی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کی جبکہ ملتان سے سینئر مسلم لیگی رہنما سینیٹر محمد رفیق رجوانہ کو گورنر پنجاب بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی اقتدار کے آخری لمحات میں رفیق رجوانہ کا گورنر بننے کا خواب بھی پورا ہوہی گیا اورہوسکتا ہے گورنر راج کی صورت ان کا شوق حکمرانی بھی پورا ہوجائے۔