مٹھی میں غذائی کمی کے شکار مزید 4 بچے دم توڑ گئے

Tharparkar

Tharparkar

تھرپارکر (جیوڈیسک) تحصیل مٹھی میں غذائی قلت اور مختلف امراض کے باعث آج مزید 4 بچے دم توڑ گئے۔

سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج مزید 4 بچے انتقال کر گئے جس کے بعد غذائی کمی اور امراض کے باعث رواں ماہ ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 55 ہو گئی جب کہ اسپتال میں اب بھی 40 سے زائد بچے زیر علاج ہیں۔

انتقال کرجانے والے بچوں میں 2 کا تعلق مٹھی، ایک کا اسلام آباد اور ایک کا تحصیل ڈیپلو سے تھا۔ ضلع بھر میں رواں سال ہلاکتوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی ہے جس کے باوجود عوام حکومتی اقدامات کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع تھرپارکر کی چاروں تحصیلوں مٹھی، اسلام آباد،چھاچھرو اور ڈیپلو میں گزشتہ 2 سال سے شہریوں کو قحط سالی کا سامنا ہے اور ایک سال کے دوران غذائی کمی اور مختلف امراض کے باعث سینکڑوں کمسن بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔