گھی قیمتوں میں کمی پر حکومت ملز مذاکرات ناکام

Ghee

Ghee

لاہور (جیوڈیسک) حکومت اور گھی ملز مالکان کے درمیان قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہو گئے جس سے مارکیٹ میں قلت بڑھنے کا خطرہ ہے۔

گھی ملز مالکان نے قیمتیں صرف 5 روپے فی کلو کمی پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے حکومتی اعلان کے مطابق قیمتیں کم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ قبل ازیں مذاکرات کی حکومتی پیشکش پر گھی ملز مالکان کی ایسوسی ایشن وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس منسوخ کر دی مگر گھی ملز مالکان نے 3روز سے گھی کی سپلائی بند کررکھی ہے اور ہول سیل ڈیلرز بھی مارکیٹ کوسپلائی نہیں دے رہے، اگر ہفتہ کو سپلائی بحال نہ ہوئی تو اتوارسے مارکیٹ میں گھی اور کو کنگ آئل کی بد ترین قلت پیدا ہو جائے گی۔

کراچی بناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن نے حکومتی کمی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور حکومتی اعلان کے بعد ملز سے گھی و کوکنگ آئل کی سپلائی روک دی تھی، ہول سیل ڈیلرز نے بھی اپنے پاس موجود اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ان کا موقف ہے کہ ہم نے زائد قیمت پر گھی اور کوکنگ آئل خریدا ہے، ہم کم قیمت پر کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔ بناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرم شیخ نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں صرف 3 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ حکومت 30 فیصد کمی کر رہی ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔

حکومتی قیمت پر فروخت سے نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات میں عالمی قیمت میں کمی کے تناظر میں 5 روپے فی کلو کمی کی پیشکش کی ہے ، اس سے زائد کمی ممکن نہیں ہے۔