کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کی غذائی تجارت رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 51 کروڑ 38 لاکھ 95 ہزار ڈالر 16.70 فاضل رہی، اس دوران پاکستان سے 3 ارب 59 کروڑ 3 لاکھ 58 ہزار ڈالر کی اشیائے خوراک برآمد اور 3 ارب 7 کروڑ 64 لاکھ 63 ہزار ڈالر کی درآمد کی گئیں۔
پاکستان بیوروشماریات سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ 2014 کے دوران پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمدات 5.43 فیصد کے اضافے سے 3 ارب 59 کروڑ 3 لاکھ 58 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جو جولائی 2012 سے مارچ 2013 تک 3 ارب 40 کروڑ 55 لاکھ 61 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، اس دوران چاول کی ایکسپورٹ میں 20.19فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیا۔
جولائی سے مارچ تک 1ارب 66 کروڑ 67 لاکھ 96 ہزار ڈالر کا26 لاکھ 83 ہزار 302 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا جس میں سے باسمتی چاول کی ایکسپورٹ 49 کروڑ 32 لاکھ 97 ہزار ڈالر اور دیگر اقسام کے چاولوں کی برآمدات 1 ارب 17 کروڑ 34 لاکھ 99 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مچھلی ومچھلی سے تیار مصنوعات کی برآمدات 8.84 فیصد کے اضافے سے 25 کروڑ 30 لاکھ 65 ہزار ڈالر، پھلوں کی 19.14 فیصد کے اضافے سے 38 کروڑ 6 لاکھ 87 ہزار ڈالر، سبزیوں کی 2.39 فیصد کمی سے 16 کروڑ 67 لاکھ 53 ہزار ڈالر، دالوں کی 84.87 فیصد کے اضافے سے 28 لاکھ 23 ہزار ڈالر، تمباکو کی 20.45فیصد گھٹ کر1 کروڑ24لاکھ ڈالر، گندم کی 84.63 فیصد کمی سے 71 لاکھ 59 ہزار ڈالر، مصالحہ جات کی 19.72 فیصد کمی سے 3 کروڑ 87 لاکھ 54 ہزار ڈالر، تیل داربیجوں کی 196.52 فیصد کے اضافے سے 7 کروڑ 25 لاکھ 68 ہزار ڈالر، چینی کی 21.09 فیصد کمی سے 23 کروڑ 67 لاکھ 96 ہزار ڈالر، گوشت و گوشت کی تیار مصنوعات کی 13.72 فیصد بڑھ کر 17 کروڑ 75 لاکھ ڈالر اور دیگر غذائی اشیا کی برآمدات 18.24 فیصدکمی سے 57 کروڑ 50 لاکھ 47 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9 ماہ کے دوران فوڈ گروپ کی درآمدات 8.22 فیصد گھٹ کر 3 ارب 7 کروڑ 64 لاکھ 63 ہزار ڈالر رہیں جو مالی سال 2012 – 13 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 3ارب 35 کروڑ 18 لاکھ 19 ہزار ڈالر رہی تھیں، جولائی سے مارچ 2014 کے دوران نوزائیدہ بچوں کے دودھ کی درآمدات 18.59 فیصد کمی سے 11 کروڑ 90 لاکھ 53 ہزار ڈالر، خشک میوہ جات کی درآمدات 26.26 فیصد بڑھ کر 7 کروڑ 32 لاکھ 41 ہزار ڈالر، چائے 25.22 فیصد کمی سے 22 کروڑ 16 لاکھ 78 ہزار ڈالر، مصالحہ جات 18.57 فیصد بڑھ کر6 کروڑ 15 لاکھ ڈالر، سویا بین تیل 17.92 فیصداضافے سے 5 کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار، پام آئل 11.41 فیصد کمی سے 1 ارب 36 کروڑ 74 لاکھ 82 ہزار، چینی 32.4 فیصد اضافے سے 48 لاکھ 38 ہزار، دالیں 20.19 فیصد کمی سے 21 کروڑ 47 لاکھ 92 ہزار اور دیگر غذائی اشیا 13.36 فیصد گھٹ کر 84 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی منگوائی گئیں۔