حیدرآباد (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن ہوتے تو آج یہ صورتحال پیدا نہیں ہوتی،ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کو صاف اور شفاف بنانے کے اقدامات اٹھائے جائیں، وہ قومی عوامی تحریک کراچی ڈویژن کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن صاف اور شفاف ہوتے تو یہ لٹیرے حکمران ہر گز منتخب ہوکر نہیں آتے، پیپلز پارٹی نے الیکشن میں ریکارڈ توڑ دھاندلی کی، دھاندلی کے پیداوار حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے، وہ کرپشن کر کے اپنے بینک بیلنس اور بیرونی ممالک میں جائیداد بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آزادی کے بعد ملکی اقتدار پر لٹیرے، جاگیردار اور سرمایہ دار قابض ہوگئے، ملک میں بسنے والی قوموں کے حقوق غصب کئے گئے ہیں، جمہوریت، روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے دے کر عوام کو بیوقوف بناکر پاکستان کو عالمی سامراجی قوتوں کی کالونی بنا دیا گیا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ عالمی سامراجی اداروں کا مقروض بن چکا ہے،پاکستان میں شامل قوموں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، سندھیوں، بلوچوں، پختونوں اور ، سرائیکیوں کو دیوار سے لگایاگیا ہے، قوموں کے معدنی وسائل پر اسلام آباد کا قبضہ ہے، پیپلزپارٹی نے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے قوموں کے وسائل وفاق کو دیدئیے ہیں، قومی عوامی تحریک18ویں آئینی ترمیم کو قوموں کی قاتل ترمیم سمجھتی ہے۔
جس کے ذریعے قوموں کے حقوق غصب کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی کرپشن کی وجہ سے غریب، غریب تر ہو رہا ہے اور امیر، امیر تر ہورہا ہے، پیپلز پارٹی حکومت کے وزراء پٹواری کی نوکری بھی فروخت کر رہے ہیں، ترقیاتی کام فقط کاغذات میں کئے جاتے ہیں، سندھ کے شہر اور دیہات کھنڈرات بن چکے ہیں، ٹی ایم اوز کے فنڈز زرداری، اویس مظفر اور فریال تالپور کے اکاؤنٹ میں جارہے ہیں، عوام کو نہ پینے کا صاف پانی میسر ہےاور نہ ہی روڈ اوراسپتال بن رہے ہیں، مہنگائی پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے، سندھ میں امن وامان کی صورتحال انتہائی بھیانک ہے، حکومت کی رٹ کہیں بھی نظر نہیں آتی۔