اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف کا اپنے زیر صدارت وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا دامن صاف ہے۔
ماضی میں بھی کڑے سے کڑے انتقامی احتساب میں سروخرو رہے اور آئندہ بھی رہیں گے۔ پاکستان کو برسوں سے درپیش مسائل کی دلدل سے نکالنا چاہتے ہیں۔ مخالفین کو ڈر ہے کہ حکومت نے آئینی مدت پوری کر لی تو وہ سیاست میں پیچھے رہ جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار کے بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح دی۔ ساری دنیا پاکستان میں جاری تعمیر وترقی کے منصوبوں میں شفافیت کی قائل ہے۔ پوری قوم پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی پر یکسو ہے۔
شکستہ معیشت کو بحال اور شعبوں میں خرابیوں کو دور کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے کئی منصوبے اولین لاگت کے تخمینوں سے تقریباً آدھی قیمت میں مکمل کئے۔ 2018ء تک توانائی کے بیشتر منصوبے اتنی پیداوار دینے لگیں گے کہ لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدم استحکام پیدا کرکے ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے والے کل بھی ناکام رہے، آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔