میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) امرت نگر 133 سولہ ایل میں منعقدہ چوتھے آل پنجاب سلیم شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں میزبان سلیم شہید فٹبال کلب نے ینگ اتحاد فٹبال کلب بہاولپور کو دو گول سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔
اِس موقع پر منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شفیق الرحمن خٹک، میاں عبدالباری، عبدالجبار کمبوہ اور محترمہ بشریٰ ایڈیل نے کھلاڑیوں میں خصوصی انعامات تقسیم کئے جبکہ مہمانِ خصوصی مہر امجد سلیم سرگانہ اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں نے ونر اور رنر اپ کو ٹرافیاں اور کیش پرائز دیے۔
اِس عظیم الشان ٹورنامنٹ کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری سیمسن دتہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانانِ گرامی، اہلیانِ علاقہ، شائقینِ فٹبال اور ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سپورٹس کے اِس بڑے اِیونٹ میں کمنٹری کے فرائض معروف شاعر، ادیب، صحافی و دانشور اے ڈی ساحل منیر اور انسپکٹر بشارت شہزاد گِل نے سرانجام دیے۔