کراچی (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ برازیل میں کھیلے جانے والے اسٹریٹ چلڈرنز ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نھیں، نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلیے کھیلوں کے فروغ کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعے کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں اسٹریٹ چلڈرنز ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقا ت کے دوران کیا، انھوں نے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے بطور ستائش ہر کھلاڑی کو 1،1 لاکھ روپے کا انعام دیا، صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لاکر اس کی صلا حیتوں سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے جبکہ حکومت اس ضمن میں بھرپور معاونت کریگی، آزاد فاؤنڈیشن کے سربراہ نے صدر ممنون کو اسٹریٹ چلڈرنز کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔