این بی پی فٹ بال ٹورنامنٹ میں ینگ ملیر اور ملیر اسٹار کی فتوحات

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آٹھواں نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں ملیر اسٹار نے مد مقابل بغدادی اسپورٹس لیاری کو 3-1سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے لئیق احمد نے ایک جبکہ عمران نے دو خوبصورت گول اسکور کئے بغدادی اسپورٹس لیاری کا واحد گول زبیر نے کیا۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ینگ ملیر نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم برما محمڈن کو پنالٹی ککس پر 4-2سے شکست دیدی دوران کھیل دونوں ٹیموں کی بھر پور کوشش کے باوجود گیند ایک بار بھی گول پوسٹ میں داخل نہ ہوسکی میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کے چیئر مین فتح محمد بلوچ کا تعارف کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔

اس موقع پر سیکریٹری ملیر شاہد تاج ،سیکریٹری ایسٹ عبیداللہ خان ،فیفا ریفری عبدالشکور بلوچ ،اجمل خٹک ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،رفیق بلوچ اور دیگر موجود تھے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری نصیر عمر بلوچ،انیس اختر، عمر بلوچ، خالد ممتاز جمی اور سراج الدین طالب نے انجام دیا۔

اس موقع پر میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل بھی موجود تھے۔

Football Tournament

Football Tournament