کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بلو موومنٹ فٹ بال کلب نواب شاہ کے زیر اہتمام میونسپل اسٹیڈیم نواب شاہ پر جاری آل پاکستان عبدالرشید قریشی ٹیلی نار فٹ بال ٹرافی میں مزید 2 کوارٹر فائنل میچوں کے فیصلے ہوگئے۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل معرکہ میں حیدر آباد واپڈا کی ٹیم نے سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایوب جان نوشکی کو پنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
دوران کھیل مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا ۔کھیلے گئے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل مقابلے میں اے کے ایف سی کوئٹہ نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت ٹورنامنٹ کی مضبوط اور کراچی کی معروف ٹیم اعظم اسپورٹس کو 2-0سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
فاتح ٹیم کے شیر گل اور وزیر خان نے گول اسکور کئے کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض ستار بادانی ،جہانگیر خان ،نصیر عمر بلوچ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر رائو نعیم بلو اور میڈیا کوارڈینٹر اسحاق عثمان تھے۔