فٹبال ورلڈ کپ میں ’برازوکا‘ نامی گیند کا استعمال ہو گا

Football

Football

ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) آئندہ ماہ برازیل میں شیڈول فٹبال ورلڈ کپ میں ’برازوکا‘ نامی گیند کا استعمال ہو گا۔ اس کا شمار ان 12 فٹ بالز میں ہوتا ہے جو کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے ادارے ایڈیڈاس نے میگا ایونٹ کے لیے تیار کیں، اس ادارے کو چار برس قبل جنوبی افریقہ میں منعقدہ ورلڈ کپ کیلیے تیار کردہ گیند ’جبولانی‘ کی وجہ سے کھلاڑیوں اور ماہرین کی طرف سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار آفیشلزکا کہنا ہے کہ نئی گیند کی رفتار اور نشانہ پہلے تیار شدہ تمام فٹبالز سے بہتر ہے۔ادارے کے فٹ بال ڈائریکٹر میتھیاس میکینگ نے کہا کہ ’ہم نے گیند کی پرواز اور نشانے کے وسیع ترین ٹیسٹ مکمل کیے۔
نتائج سے یہ ظاہر ہوا کہ اس گیند کی خط حرکت اور رفتار میں رکاوٹ اور ٹہراؤ کا بالکل بھی احساس نہیں ہوتا‘۔

ایرو ڈائی نیمکس یا فضائی حرکیات کی ماہر رابی مہتا کا تعلق خلائی ادارے ناسا سے ہے، انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ فٹبال میں استعمال ہونے والی کسی بھی گیند کی کار کردگی اور گھومنے کا دارومدار اوپری سطع کی ناہمواری کی شرح پر ہوتا ہے۔ رابی مہتا نے پچھلے فٹبال ورلڈ کپ کی گیند جبولانی کے ساتھ ہوائی سرنگ میں ٹیسٹ کیے تھے، وہ نئی گیند برازوکا بھی معائنہ کر رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ جبولانی کی باہری سطح بہت ہموار اوراس وجہ سے گیند نہ صرف صحیح طرح سے گھوم نہیں پا رہی تھی بلکے اسے کک لگانے کے بعد کھلاڑیوں کو یہ بھی اندازہ نہیں ہو رہا تھا کہ وہ کہاں رکے گی۔