ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ 2014ء، دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ اور ورلڈ کپ فٹبال کا آخری ٹاکرا آج جرمنی اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہو گا۔
فٹ بال کی سلطنت کا بادشاہ کون ہو گا، اس کے لیے جنگ ارجنٹینا اور جرمنی کے درمیان چھڑنے والی ہے، کس کے ہاتھ لگے گی ٹرافی، دونوں طرف کے سپاہی جان کی بازی لگائیں گے, ارجنٹینا کے اہم کھلاڑی جرمن ٹیم کے لیے خطرہ ہیں، میسی، ڈی ماریہ ، میسکرانو اور ہیگوائن ٹیم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
اس ورلڈ کپ میں میسی کی جادوگری عروج پر ہے، وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے ٹیم کو فائنل تک لےآئے ہیں، ستاروں سے سجی جرمن ٹیم بھی حریف کو پاش پاش کرنے کیلئے تیار ہے، مولر، اوزل، کلوزے اور لام ارجنٹائن کے ڈیفنس کا امتحان لیں گے۔
دونوں ٹیمیں آج فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی اور ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی بھرپور کوشش کریں گی، امید ہے شائقین کو ایک یادگار اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے گا۔