فٹبال ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے کے دوران 3 کروڑ 21 لاکھ ٹویٹس

Twitter

Twitter

براسیلیا (جیوڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی کی فتح کے باوجود سیمی فائنل میں برازیل کی شکست کا ٹویٹر پر چرچا رہا، فیصلہ کن معرکے کے دوران تین کروڑ 21 لاکھ ٹویٹس کی گئیں۔

اس سے قبل جرمنی اور برازیل کے درمیان میچ کے بارے میں تین کروڑ 56 لاکھ ٹویٹس کی گئیں جس نے سوشل میڈیا کا ریکارڈ توڑ دیا تھا، جرمنی نے ورلڈ کپ کی جیت کا جشن اپنے سرکاری سوشل میڈیا کے صفحے پر بھی منایا، چانسلر انجیلا مرکل کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے ساتھ تصویر بھی پوسٹ کی گئی۔

جسے چند ہی گھنٹوں میں فیس بک اور انسٹاگرام پر ڈھائی لاکھ بار پسندکیا گیا، اس دوران سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ہیش ٹیگ ’جرمنی عالمی چیمپئن ہے رہا،جسے 24 گھنٹے کے دوران 10 لاکھ بار استعمال کیا گیا،کھلاڑیوں نے بھی اپنے جذبات کااظہارکرنے کیلیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا۔

جرمن مڈ فیلڈر میسوٹ اوزل نے ٹویٹ کیا ’کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دو کہ تم یہ نہیں کر سکتے، اپنے خوابوں پر یقین رکھو۔‘ اوزل نے گلوکارہ ریحانا کا شکریہ ادا کیا جو جرمنی کی حمایت کر رہی تھیں، وہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران مسلسل ٹویٹ کرتی رہیں اور ماریکانا اسٹیڈیم میں جشن مناتے ہوئے اپنی تصویر بھی پوسٹ کی، برطانیہ کے فٹبالر ڈیوڈ بیکھم اپنے بچوں کے ساتھ ارجنٹائن کی حمایت کررہے تھے۔

ارجنٹائن فائنل میں ناکام رہا تاہم اس کے مداح داد و تحسین پیش کرنے میں پیچھے نہیں رہے، ’ارجنٹائن ہیروز‘ اور ’ارجنٹائن برازیل 2014 کا چیمپئن‘ نے بھی خاصی دیر تک ٹرینڈ کیا۔