کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی میںصحت مند ماحول کے قیام کے ساتھ تجاوزات کے حوالے سے عوامی شکایات کا خاتمہ کرکے عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائیگا ،وزیر بلدیات کی ہدایت پر صفائی وستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام زونز سے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ علاقائی ترقی اور خوبصورتی کے حوالے سے اقدامات کریں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے شاہ فیصل زون آفس میں بلدیہ کورنگی کے محکمہ جاتی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون سمیت تمام زونز کے محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموںکو ہدایت کی کہ وہ محکمانہ کار کردگی کو مزید بہتر بنا ئیں عوامی خدمات کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے اور شاہراہوں فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات اور گاڑیوں کی غیر قانونی اسٹینڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ تجاوزات کا مستقل خاتمہ اور اس کے قیام کی روک تھام کے لئے علاقائی نگرانی کے حوالے سے موثر نظام قائم کیا جائے۔
اجلاس میں بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے افسران سے کہا کہ وہ علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک مثالی ماحول کے حوالے سے عملی اقدامات کرتے ہوئے عوام کو سہولت پہنچانے کے عمل کو تیز کریں۔