کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہا ہے کہ شاہ فیصل کالونی سمیت ملحقہ آبادیوں میں علاقائی ترقی اور بلدیاتی مسائل کے حل کو یقینی بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہراہ فیصل پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری بیوٹیفکشن مہم کا بھی معائنہ کیا ۔شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورہ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی وفود سے ملاقات کی۔
اُن سے علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد موقع پر موجود بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے عوام تک پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کے لئے موثر اقدامات کرکے عوام کو سہولت پہنچا ئی جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں سے غیر قانونی کنکشن کی روک تھام کو یقینی بنا نے کے لئے علاقائی نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو بتا یا کہ ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنا نے اور سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا سے محفوظ بنا نے کے لئے مہم کا آغاز کردیا گیا۔
عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ضلع کورنگی کے تمام زونز میں عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت اور معائونت کے ساتھ عوامی تعاون کے ذریعے انتظامات جاری ہیں انشا اللہ محکمانہ کار کردگی کو مزید بہتر بنا کر اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔