اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے متاثرین سیلاب کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ کشمیری عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں انکی مدد کے لیے تیار ہیں۔آزادکشمیر میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم ’’کوئیک رسپانس سینٹر ‘‘کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کے آزادکشمیر کے دوروں سے آزادخطہ کے دور دراز علاقوں میں بھی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔ مسلح افواج کے نوجوان سیلاب متاثرین کی امداد میں دن رات مصروف ہیں۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی طرف سے 10 کروڑ کی امدا د پر مشکورہیں۔ ہفتہ کے روز یہاں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگ یہاں کی نسبت سے زیادہ سیلاب سے متاثرہوئے ہیں اور اب بھی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔حریت کانفرنس کی قیادت متاثرین کی امداد کے لئے بھرپور مہم چلا رہی ہے جبکہ بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیری عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے جس کی بنا پر کشمیری بھارتی فوج پر پتھراؤ کر رہے ہیں اور اس سے نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک مرتبہ پھر پتہ چل گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے لئے اجنبی تھا اور اب بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت پوری ریاست کی نمائندہ حکومت ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ آزادکشمیر کے بہادر اور غیور عوام بھارتی وزیر اعظم کی امداد کی پیشکش کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل کئے بغیر کسی بھی بات پر راضی نہیں ہونگے۔