لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے سینئر رہنمااور سابق ممبرصوبائی اسمبلی حاجی قیصر امین بٹ القادری نے کہاہے کہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے افواج پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
ملک وقوم کے عظیم سپوتوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی روڈ لاہور میں لفٹیننٹ کرنل ساجد مشتاق شہید کے والد ماسٹر محمد مشتاق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔
حاجی قیصر امین بٹ کا کہنا تھاکہ پوری قوم کو اپنے عظیم شہداء پر فخر ہے اور یہ شہداء ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے وطن عزیز پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے ایک مشعل راہ ہیں ، حاجی قیصر امین بٹ نے اس موقع پر یہ بھی کہاکہ عنقریب ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔
جس میں لفٹیننٹ کرنل ساجد مشتاق شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے والد گرامی ماسٹر محمد مشتاق کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا، اس موقع پر ماسٹر محمد مشتاق نے حاجی قیصر امین بٹ کی مخلوق خدا کی بے لوث خدمات پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔