اسلام آباد (جیوڈیسک) یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم نے اتنی قربانیاں دیں، مزید کتنی چاہتے ہو؟ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، شہید بھٹو کا نواسا عوام کیساتھ مل کر جد و جہد کو جاری رکھے گا، غریب خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد دی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عام آدمی کو مضبوط بنائیں گے، ترقی تب ہو گی جب عام آدمی کو فائدہ ہو گا، ہم جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے، ہمیں اپنی پچاس سال کی کمزوریوں کو بھی دیکھنا ہو گا، فیض آباد دھرنے کے دوران پیش آنے والے واقعات افسوسناک تھے، دھرنے کی ساری صورتحال سے بڑا مایوس ہوا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 دسمبر کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ ہو گا، موجودہ حکومت کو اپنی مدت مکمل کرنی چاہئے، مقررہ مدت میں انتخابات چاہتے ہیں، مردم شماری پر فاٹا کے عوام بہت ناراض ہیں، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب والے بھی مردم شماری پر شکایات کر رہے ہیں، امید کرتا ہوں کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، اگلا لائحہ عمل جلسے میں بتاؤں گا، مردم شماری متنازع ہے، سندھ کیساتھ ناانصافیاں ہوئیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس: شہر شہر تقریبات پیپلز پارٹی 50 سال کی ہو گئی۔ کراچی سے خیبر، گوادر سے کشمیر تک جیالوں نے بھنگڑے ڈالے۔ سکھر میں کشتیوں کی ریلی نکالی گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی نے 50 سال کا سفر مکمل کر لیا ہے۔
آج ملک بھر میں پی پی پی کی گولڈن جوبلی تقریبات ہوئیں۔ جیالوں کا روایتی جوش و خروش نظر آیا۔
اسلام آباد میں مرکزی تقریب میں بلاول بھٹو نے کیک کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کارکنوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ کراچی میں بلاؤل ہاؤس میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر لاہور میں ہونے والی تقریب میں منظور وٹو اور ثمینہ خالد گھرکی سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی۔ سندھی فنکاروں نے پارٹی ترانے پیش کر کے میلہ لوٹ لیا۔
سکھر میں خورشید شاہ نے یوم تاسیس پر دبنگ انٹری دی۔ دریائے سندھ میں جیالوں نے کشتیوں پر ریلی نکالی جس میں جیالوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گوجرانوالہ میں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور جشن منایا۔
حیدر آباد میں ہونے والی تقریب میں مرکزی رہنماء مولا بخش چانڈیو نے شرکت کی اور پچاس سال مکمل ہونے پر کیک کاٹا۔