کراچی (جیوڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران افغان شہریوں کو مبینہ طورپرجعلی پاسپورٹ جاری کرنے والے 2 افسران کو گرفتارکرلیا۔
ایف آئی اے نے کراچی میں پاسپورٹ آفس کے ڈائریکٹرعلی نصرت جعفری اور سپرنٹنڈنٹ محمد وسیم کو افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس میں جعلی شناختی کارڈ پر افغان شہری کو پاسپورٹ جاری کرنے کی کوشش کی گئی۔
جسے نادرا کے سسٹم نے بلاک کردیا لیکن اس کے باوجود پاسپورٹ افسران نے سسٹم کو خراب کرتے ہوئے اس افغان شہری کا پاسپورٹ جاری کیا جب کہ ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ نادرا سسٹم کی جانب سے جعلی شناختی کارڈ پر پاسپورٹ منسوخ کئے جانے کے باوجود افسران نے ایک ہی دن میں دو مرتبہ اس شہری کے پاسپورٹ کے لئے کیوں اپلائی کیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے نے نادرا کے اسٹیشن ہیڈ کو حراست میں لیاتھا جس نے دوران تحقیقات انکشاف کیا کہ اس نے سیکڑوں افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کئے اور وہ پاکستانی پاسپورٹ پر بیرون ملک سے روانہ ہوئے۔