اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں 5 جائزے مکمل کر لئے ہیں جب کہ زرمبادلہ کے زخائر 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں 5 جائزے مکمل کر لئے ہیں اور ہم چھٹے جائزے کے لئے تیار ہیں جس کا انعقاد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہو گا جب کہ آئی ایم ایف نے رواں سال جی ڈی پی گروتھ 4.3 تجویز کی تھی تاہم سیلاب اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھاری اخراجات کے باوجود حکومت نے ڈی جی پی گروتھ کا ہدف 5.1 حاصل کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تمام اقتصادی اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہے یہی وجہ ہے کہ دانش مندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران حکومت نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 13 فیصد زائد ریونیو جمع کیا جب کہ بجٹ خسارہ 2.4 فیصد پر ہے۔