ماسکو (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے کہا ہے کہ افغانستان کے شمالی علاقوں میں داعش جنگجو دوبارہ سے منظم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ سر گئی لیوروف افغانستان سے امریکا اور نیٹو افواج کے انخلا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ داعش جنگجو دوبارہ سے منظم ہو رہے ہیں جس پر روس کے تحفظات ہیں۔
وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امن کی مکمل بحالی اور عسکریت پسندوں کو جڑ سے ختم کیے بغیر افغانستان سے نکلنا عقل مندی نہیں۔ یہ خبر پڑھیں : بگرام ائیر بیس 20 سال بعد افغان فوج کے حوالے
امریکا نے رواں برس 11 ستمبر تک افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا اور آج افغانستان کی سب سے بڑی امریکی بگرام ایئر بیس کو خالی کرکے حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے کئی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے اپنی حکومت قائم کرلی ہے جب کہ افغان فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے کئی شہروں سے طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا ہے۔