فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے

PTI

PTI

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو کالعدم بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

کنور دلشاد کا کہنا تھا الیکشن ایکٹ کے مطابق تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اگر الزام درست ثابت ہو جائے تو الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پوری جماعت کو کالعدم قرار دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اور تحریک انصاف کو کالعدم قرار دیئے جانے کے نتیجے میں سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام ارکان بھی نااہل ہو جائیں گے۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب اس کیس میں تحریک انصاف کے لیے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کا الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھا ہے اور ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔