لاہور (جیوڈیسک) غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق عمران خان کے بیان پر سوشل میڈیا پر بھی گرما گرم بحث ہوئی، کسی نے ٹھنڈے پانی سے نہانے کا مشورہ دیا تو کوئی عمران کے حامی ہونے پر شرمندہ تھا۔
کپتان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی میدان میں کود پڑیں۔ عمران خان کے پھٹیچر بیان کو سوشل میڈیا پر بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
عمران کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا کہ ہم عزت کرنے والے اور مہمان نواز قوم ہیں، ہمیں مہمان سے عزت و احترام سے پیش آنا سکھایا جاتا ہے، ایک صارف نے عمران خان کو ٹھنڈے پانی سے نہانے کا مشورہ دیا۔
ایک خاتون نے ماضی میں کپتان کی حمایت پر شرمندگی کا اظہار کیا، حفصہ قریشی کے ہینڈل سے عمران خان کو مخاطب کر کے ٹویٹ کیا گیا کہ ان پھٹیچر کھلاڑیوں نے قوم کا دل جیت لیا جبکہ آپ نے اپنا مقام کھو دیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما سید علی رضا عابدی نے تحریک انصاف کو مائنس ون کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں 2018 کے الیکشن میں پھٹیچر رزلٹ آئے گا۔