کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ (جولائی اگست) کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اگست کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 17 کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 21 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلے 2 ماہ کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 18.2فیصد کے اضافے سے 20 کروڑ 92 لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 37 فیصد کم ہوکر 8 کروڑ 71 لاکھ ڈالر رہی، جولائی اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز 27 کروڑ 39 لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلو 18 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہے، گزشتہ مالی سال ایف ڈی آئی کے انفلوز 34 کروڑ 23 لاکھ ڈالر اور انفلوز 20 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہے تھے۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 17 کروڑ 69 لاکھ ڈالر رہی تھی جس میں 13 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری 216 فیصد کے اضافے سے 12 کروڑ 21 لاکھ ڈالر رہی، جولائی اگست 2013 میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 3 کروڑ 86 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس عرصے میں غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 194 فیصد کی کمی سے منفی 3 کروڑ 66 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فارن پبلک انویسٹمنٹ 3 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق مختلف شعبہ جات کے سلسلے میں جولائی اگست 2014 کے دوران فنانشل بزنس میں 2 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی، فوڈ سیکٹر میں 1 کروڑ 63 لاکھ ڈالر، ٹوبیکو اینڈ سگریٹ میں 2 کروڑ ڈالر، کیمکلز میں 1 کروڑ 98 لاکھ ڈالر، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں 4 کروڑ 26 لاکھ ڈالر، ٹریڈ سیکٹر میں 1 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، فارماسوٹیکلز اور او ٹی سی پراڈکٹس کے شعبے میں سرمایہ کاری منفی 4 کروڑ 85 لاکھ جبکہ کمیونی کیشن سیکٹر میں ایف ڈی آئی منفی 2 کروڑ 41 لاکھ ڈالر اور سیمنٹ سیکٹر میں منفی 76 لاکھ ڈالر رہی۔