غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد اضافہ

Business

Business

کراچی (جیوڈیسک) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 52.5فیصد اضافے سے ایک ارب 82کروڑ 44لاکھ ڈالر رہی جس میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 11.4 فیصد اضافے سے 82کروڑ 63لاکھ ڈالر جبکہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ انٹرنیشنل ڈالر بانڈز کی نیلامی کی وجہ سے 120فیصد اضافے سے 99کروڑ 81لاکھ ڈالر رہی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پہلی ششماہی کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10فیصد اضافے سے ایک ارب 8کروڑ ڈالر سے زائدرہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10کروڑ 22لاکھ ڈالر اضافے سے ایک ارب 8کروڑ 7لاکھ ڈالر رہی۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 97کروڑ 85لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 19کروڑ 63لاکھ ڈالر تھی۔

بانڈز کی نیلامی سے 45کروڑ 47لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 74کروڑ 16لاکھ ڈالر رہی تھی۔ دسمبر 2016کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 59کروڑ 47لاکھ ڈالر رہی جبکہ دسمبر 2015کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 13کروڑ 88لاکھ ڈالر رہی تھی۔

دسمبر 2016کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 9کروڑ 43لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 29کروڑ 29لاکھ ڈالر رہی جس میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 9کروڑ 44لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 43کروڑ 59لاکھ ڈالر جبکہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ منفی ایک لاکھ ڈالرکے مقابلے میں منفی 14کروڑ 30لاکھ ڈالر رہی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 6ماہ کے دوران 25کروڑ 44لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران سٹاک مارکیٹ سے 23کروڑ 60لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکالا گیا۔