اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، غیر ملکی سرمایہ کار صنعت، بنیادی ڈھانچے، مواصلات اور توانائی میں سرمایہ کاری کریں جی ایس پی پلس سٹیٹس اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں معاون ہو گا، سویڈش وفد، سنگاپور کی کمپنی کے چیئرمین سے گفتگووزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، غیر ملکی سرمایہ کار بلاجھجک سرمایہ لگائیں حکومت ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سنگاپورکی سرمایہ کار کمپنی مین ہارڈ کے گروپ چیئرمین شہزاد نسیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے روز ان سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا صنعت، بنیادی ڈھانچے ،مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں ۔ دریں اثناء سویڈن کے سپیکر کی سربراہی میں 20 رکنی پارلیمانی وفد نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
نواز شریف نے سویڈن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا پارلیمانی اراکین کے درمیان قریبی روابط سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کاموقع ملے گا۔ پاکستان میں سویڈن کے سفیر ٹامس روزینڈر اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان نے پاک سویڈن فرینڈشپ گروپ تشکیل دیا ہے اور سویڈش پارلیمنٹ میں پاکستان کیلئے الگ فرینڈشپ گروپ کا قیام دونوں ممالک کیلئے مفید ہو گا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس مرتبے کے حصول میں سویڈن کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کو اقتصادی مشکلات پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ہو گا۔