غیرملکی عسکریت پسندوں کوکشمیر میں گھسنے نہیں دینگے :سرداریعقوب

 Sardar Yaqoob

Sardar Yaqoob

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ شہداء کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،کشمیری اپنی تحریک کے خود وارث ہیں۔ غیر ملکی عسکریت پسندوں کو کشمیر میں گھسنے نہیں دیں گے۔ پاکستان کی ہر حکومت نے اپنی بساط اور حالات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ۔ بیرون ملک سفارتخانے اور دفتر خارجہ کے حکام مسئلہ کشمیر پر کام کر رہے ہیں،ہمیں مایوسی کا شکار نہیں ہونا چاہئے، انشاء اﷲ کشمیر جلد آزاد ہو کر رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں حریت کانفرنس کے دفتر میں شیخ عبدالعزیز شہیدکی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق صدر جنرل (ر)سردار محمد انور خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر نور الباری، حریت قائدین غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر ، شیخ تجمل الاسلام، فاروق رحمانی، رفیق ڈار، عبدالحمید ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صدر یعقوب نے کہا کہ حریت قائدین کا تحریک آزادی میں بڑا کردار ہے، ہم سب کا موقف ایک ہے، جماعتیں اور تنظیمیں الگ الگ ہو سکتی ہیں لیکن ہمارا مشن صرف اور صرف بھارت سے آزادی ہے۔

جس پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے ساتھ ہیں ۔ ان کے ساتھ میل ملاقات یا رابطوں پر کوئی پابندی نہیں،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے سو اہمیں مسئلہ کشمیر کا کوئی دوسرا حل قبول نہیں، تقریب کے اختتام پر جاری کئے گئے اعلامیے میں اس عزم کا ظہار کیا گیا ہے کہ حصول حق خودارادیت کے لئے موجودہ جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور جنہوں نے اپنے آج کو ئنی نسل کے کل کیلئے قربان کیا ہے انکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانفرنس کا اہتمام سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ کی زیر سرپرستی فورموں کی آزاد جموں وکشمیر شاخوں نے شہید حریت رہنما شیخ عبد العزیز کی برسی پر مشترکہ طور پر کیا تھا۔