اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی عرب اور ایران سے گہرے برادرانہ تعلقات کے سبب پاکستان نے دونوں ممالک میں کشیدگی ختم کرانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کل سعودی عرب اور منگل کو ایران جائیں گے، دفتر خارجہ نے ان کے دورے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پیر کو سعودی عرب جائیں گے اور وہاں سے اگلے روز تہران پہنچیں گے۔ وزیر اعظم دونوں ملکوں کی قیادت کیساتھ عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بہت تشویش ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پرامن طریقے سے حل کرانے کے خواہاں ہیں اور ان کا یہ اقدام امت مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔