غیر ملکی سفیروں کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، وزارت داخلہ

Security

Security

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں غیرملکی سفیروں اور وسفارتی عملے جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں قونصیلٹ دفاترکے عملے کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کوسرکاری مراسلہ بھیج دیا ہے۔

وزارت داخلہ نے غیرملکی سفارت خانوں کوبھی خصوصی سیکیورٹی ایڈوائس جاری کی ہے جس میں کہا گیاہے کہ کسی بھی ملک کے خاص طورپر سفیر، فرسٹ سیکریٹری یادیگر اہم عہدیدار اسلام آبادکے ڈپلومیٹک انکلیوسے باہرشہر میں کسی تقریب میں یا ویسے جاتے ہوئے یابیرون شہرجانے کی صورت میں چیف کمشنراسلام آبادکو لازمی طورپر آگاہ کریں۔

تاکہ انھیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ اسی طرح اگر کسی دوسرے شہر میں سفیروں یادیگر عہدیداروں کو جانا ہوتب بھی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ونگ یا چیف کمشنر اسلام آباد کو آگاہ کیا جائے جس میں ایک تو جہاں انھیں جانا مقصود ہو گا اس کی سیکیورٹی کلئیرنس حاصل کی جائے گی، دوسرے، متعلقہ صوبائی حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کوفوری آگاہ کرکے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے مذکورہ اقدام غیرملکی سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے اٹھایاہے۔ علاوہ ازیں چاروں صوبوں میں قونصلیٹ دفاتر کے عملے کی سیکیورٹی سخت کرنے کے لیے بھی مراسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں۔