اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پانچ ہزار غیرملکیوں کو کابل سے عارضی طور پر اسلام آباد اور کراچی لانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
افغانستان سے انخلا میں مدد کے لیے پاکستان نے امریکا اور نیٹو حکام کی مدد کی درخواست منظور کرلی ہے۔
31اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کو یقینی بنانے کے لیے امریکی درخواست پر 5 ہزار غیر ملکیوں کو کابل سے پاکستان لایا جا رہا ہے جس کے لیے اسلام آباد اور کراچی میں انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے علاوہ کمشنر کراچی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی کابل سے لائے جانے والے غیرملکیوں کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے مراسلے جاری کر دیئے ہیں۔
اس سلسلے میں اسلام آباد کی انتظامیہ نے شہر کے تمام ہوٹلز کو مقامی افراد کے لیے بکنگ فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ہوٹلز انتظامیہ کو جمعے سے اگلے 21 دن یا اس سے زائد عرصے کے لیے ہنگامی صورتحال کے باعث کابل سے اسلام آباد لائے جانے والے غیرملکیوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اُمید ظاہر کی تھی کہ 31 اگست تک افغانستان سے انخلا مکمل کر لیا جائے گا۔