مظفرآباد : محکمہ جنگلات ہیٹاں بالا حکام کی مبینہ ملی بھگت سے نون بنگلہ اور اس کے گردونواح میںگھنے جنگلات کی کٹائی زور وشور سے جاری ہے، جنگلات کی کٹائی روکنے اور ڈی ایف او، بلاک آفیسر اور فارسٹ گارڈ نے جھوٹا، من گھڑت واقعہ بناکر جنگلات تحفظ کمیٹی کے رکن راجہ عبدالوحید پر جھوٹی ایف آئی آر در ج کروادی اور اہلیان علاقہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ کیلئے احتجاج نہ کریں ان کے خلاف بھی مقدمات قائم ہوسکتے ہیں۔
اہلیان علاقہ نے محکمہ جنگلات کے خلاف احتجاج اور سیکرٹری جنگلات کے آفس کے باہر دھرنادینے کی دھمکی دے دی ،یونین کونسل سلمیہ کے رہائشی شمیم خان ، سراج خان ، راجہ عبیدالرحمن ، راجہ مقصود، اعجازانور، حافظ عاقب ، راجہ مسعود، ظفراللہ ، عبدالوحید نے بتایاکہ محکمہ جنگلات ہیٹاں بالا کے چیف کنزویٹو،ڈی ایف او،بلاک آفیسر، فارسٹ گارڈ کی مبینہ ملی بھگت سے نون بنگلہ کے گردونواح ڈنگیاں ، جبڑی ، بلے والی ٹوپی کے گھنے جنگلات بے دردی کے ساتھ کاٹے جا رہے ہیں۔
اہلیان علاقہ نے تحفظ کمیٹی برائے جنگلات کے سینئر رکن راجہ عبدالوحید کو آگاہ کیا توانہوںنے جنگلات کی کٹائی روکنے اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کیلئے درجنوں افراد کی موجودگی میں بات کی تو ڈی ایف او ،بلاک آفیسر اور فارسٹ گارڈسیخ پا ہوگئے اور انہوںنے واقعہ بنانے کیلئے راجہ عبدالوحید پر حملہ کیا تاہم وہاں موجود لوگوں نے معاملہ رفع دفع کروادیا بعدازاں محکمہ جنگلات کے حکام نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروادیا جو کہ بے بیناد اورمن گھڑت ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ نون بنگلہ اوراس کے گردونواح میںگھنے جنگلات کی کٹائی روکی جائے ، راجہ عبدالوحید پر ہونے والی ایف آئی آر ختم کی جائے اور اس معاملے کی غیر جانبدار انکوائری کی جائے۔