محکمہ جنگلات کے اعلی افسران کی ملی بھگت سے لکڑی چوری کی کوشش

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) محکمہ جنگلات کے اعلی افسران کی ملی بھگت سے 25 لاکھ روپے مالیتی سوختہ لکڑی چوری کی کوشش۔ مقامی شہری عمران لاشاری نے ناکام بنا دی۔ تفصیل کے مطابق محمد عمران لاشاری ولد سعید احمد خان لاشاری سکنہ سرگانی کو اطلاع ملی کہ راجن شاہ مائینر سے بڑے پیمانے پر سوختہ لکڑی جس کی مالیت 25 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے

ٹرک نمبر BU-5407 پر لوڈ کر کے لے جائی جارہی ہے۔ جس پر محمد عمران نے علاقہ کے ساتھیوں کے ہمراہ لکڑی کے ٹرک کو روکا اور تھانہ کروڑ کی پولیس کو اطلاع دی۔ جس پر اے ایس آئی خالد باجوہ موقع پر پہنچے اور لکڑی کا ٹرک قبضہ میں لے لیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

محمد عمران لاشاری کی درخواست پر تھانہ کروڑ میں رینج افسر صلاح الدین ، بلاک افسر جاوید درانی ، فارسٹ گارڈ محمد کاشف ، ربنواز ولد سعادت علی ، مجاہد ولد انصر علی بلوچ سکنہ 94/TDA اعجاز ولد اللہ داد پٹھان ، ناظم حسین ولد ولی محمد قوم ارائیں سکنہ سرگانی ، قیصر گٹ ، فقیر محمد سکنہ 114 ٹی ڈی اے ، ملازم حسین ، صفدر حسین ، اسلم ولد کالو بلوچ سکنہ شاہ حبیب ، چوہدری ممتاز ٹمبر ڈیلر لکڑ منڈی ملتان ، خان بیگ ولد اکرم خان ، بھاگل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ جب سے موجودہ مہتمم جنگلات لیہ میں تعینات ہوئے تب سے لکڑی چوری میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔ سابق صدر انجمن تاجران و سینئر صحافی طارق محمود پہاڑ نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر جنگلات سے بڑے پیمانے پر جنگلات کے قتل عام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Forest Department News

Forest Department News