لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران سے زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے،حکومت لوڈ شیڈنگ میں کمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ توانائی بحران میں کمی کے حوالے سے عوام کو جوابدہ ہیں۔
ہم نے کم سے کم وقت میں توانائی کے حصول کے منصوبے شروع کرنا ہیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ لیٹر آف انٹرسٹ لے کر کام نہ شروع کرنے والے لیٹر منسوخ کئے جائیں۔ لیٹر آف انٹرسٹ کے اجراکا نیا میکانزم بنایا جائے اور اس معاملے میں کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محکمہ توانائی میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ون ونڈو انرجی پالیسی کو جلدحتمی شکل دی جائے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت توانائی کے منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لیا جائے۔کوئلے کی کانوں کے لائسنس حاصل کر کے کام نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔