لاہور (جیوڈیسک) ایف آئی اے امیگریشن حکام نے جعلی دستاویزات پر فرانس جانیوالے 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وائٹل تھیٹر پاکستان کے نام سے لاہور اور اسلام آباد میں کام کرنے والی این جی او نے 12 افراد سے 4 لاکھ روپے فی کس وصول کر کے جعلی دستاویزات پر فرانس کے ویزے حاصل کر لئے۔
گزشتہ روز جب مذکورہ 12 مسافر لاہور سے براستہ مسقط ، فرینکفرٹ ( جرمنی ) جانے کے لئے ائیر پورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے شک ہونے پر انہیں روک لیا اور ویزے کے حصول کے لئے فراہم کی گئی دستاویزات کو چیک کیا تو وہ جعلی نکلیں جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ہونے والے مسافروں میں عدیل نثار ، پرویز حسن ، صائمہ شریف ، عمران سعد ، راشد علی ، عبدالجبار ، اجمل شاہ ، سلیم ، سید آفتاب بخاری ، زرون احمد ، شعیب خالد اور اقرا خالق شامل ہیں جنہیں مقدمے کے اندراج اور مزید تحقیقات کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل لاہور بھجوا دیا گیا ہے۔