سابق ایڈمنسٹریٹروں کی ایک بار پھر ڈی ایم سیز میں تعیناتی کے احکامات

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ایڈمنسٹریٹروں کی ایک بار پھر ڈی ایم سیز میں تعیناتی کے احکامات۔ سپریم کورٹ کی 10 مئی کی سماعت کے بعد سابق 6 ایڈمنسٹریٹروں کی ملازمت بھی ختم ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں موجودہ سیکریٹری بلدیات نور محمد لغاری جو کہ خود بھی سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5 محکموں کے چارج لئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹروں کو عہدوں سے ہٹا دیا ان میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فنانشل ایڈوائزر آفاق سعید بھی شامل تھے ان تمام ایڈمنسٹریٹروں اور فنانشل ایڈوائزر نے سپریم کورٹ میں اپیل کی درخواست دائر کی ہوئی ہے اور سپریم کورٹ میں 10 مئی 2016ء کو سماعت ہوگی جبکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء کے 160 پی کی شق 2 کے مطابق کوئی بھی افسر یا عام شہری بھی ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوسکتا ہے یہ منتخب نمائندوں کی سیٹ ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری بلدیات نور محمد لغاری سابق ایڈمنسٹریٹروں کی تعیناتی کے خلاف ہیں جس سے سابق ایڈمنسٹریٹرو ں میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد ایسے ایڈمنسٹریٹرز جو کہ پبلک سروس کمیشن کے بغیر تعیناتی حاصل کئے ہوئے ہیں ان کی ملازمت کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور کے ایم سی ،ڈی ایم سیز میں افسران بھی اس فیصلے سے متاثر ہوسکتے ہیں جو کہ ڈیپارٹمنٹ پرموشن کے ذریعے آج بھی 17سے 19گریڈ حاصل کئے ہوئے ہیں اور پبلک سروس کمیشن کے امتحانات خود کو مستثنیٰ رکھے ہوئے ہیں۔