سابق کپتان ڈونگا برازیل کوچ کیلئے مضبوط امیدوار

Dunga

Dunga

برازیل (جیوڈیسک) برازیل کے لیے ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان ڈونگا کو قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے شارٹ لسٹ امیدواروں میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈونگا اس سے قبل بھی 2006ء سے 2010ء تک ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں جہاں برازیل نے ان کی کوچنگ میں 2007ء کا کوپا امریکا اور 2009ء میں کنفیڈریشن کپ جیتا تھا۔

ڈونگا کی زیر قیادت ہی برازیل نے 1994 ء کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی۔ برازیل کے کوچ کی حیثیت سے ڈونگا کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے ۔ برازیل نے ان کی کوچنگ میں 42 فتوحات حاصل کیں، 12 میچ ڈرا کھیلے اور اسے صرف چھ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

برازیل کو اپنی کوچنگ کی صلاحیتوں کی بدولت 2002ء کا ورلڈ کپ جتوانے والے لوئس فلپ اسکولری نے 2014ء کے ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا جہاں میزبان نے اپنے آخری دونوں میچوں میں بدترین شکست کے بعد چوتھے درجے پر رہتے ہوئے ایونٹ کا اختتام کیا تھا۔