لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق نگران وزیر اعظم معین قریشی امریکا میں انتقال کر گئے۔ وہ گذشتہ 40 سال سے امریکا میں مقیم تھے۔ معین قریشی 26 جون 1930ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔
معین قریشی نے پلاننگ کمیشن میں خدمات انجام دیں۔ 1956ء میں پلاننگ کمیشن سے استعفی دینے کے بعد معین قریشی امریکا چلے گئے جہاں انہوں نے آئی ایم ایف میں نوکری کر لی۔ 1981ء میں انہوں نے ورلڈ بینک جوائن کیا جہاں وہ 1987 تک سینئر وائس پریذیڈنٹ فنانس رہے۔
1993ء میں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور صدر پاکستان غلام اسحاق خان کے استعفے کے بعد معین قریشی کو نگران وزیر اعظم بنایا گیا۔ انہوں نے بطور نگران وزیر اعظم جولائی 1993 سے اکتوبر 1993ء تک خدمات سرانجام دیں۔
معین قریشی وزارت عظمی کے بعد واپس امریکا چلے گئے جہاں انہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر کنسلٹنٹ کا آفس قائم کیا۔ معین قریشی نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف میں اعلیٰ عہدوں پر کام کیا، مرحوم کی نماز جنازہ میری لینڈ میں ادا کی جائے گی۔