سابق اولمپئنز سازش کے تحت فیڈریشن میں آئے، آصف باجوہ کا الزام

Asif Bajwa

Asif Bajwa

لاہور (جیوڈیسک) آصف باجوہ نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ حال ہی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کا حصہ بننے والے سابق اولمپئنزقومی کھیل کو دوبارہ پتھرکے زمانے میں لے جانا چاہتے ہیں۔ سابق سیکریٹری پی ایچ ایف کے مطابق ایسے افراد جو خود ٹھیک سے چل نہیں سکتے وہ ہاکی کے کھیل میں کیا بہتری کریں گے، وہ گزشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ پی ایچ ایف سیکریٹری کا عہدہ چھوڑنے کے بعد آصف باجوہ کی صحافیوں کے ساتھ یہ پہلی باقاعدہ بات چیت تھی، انھوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جوائن کرنے والے اولمپئنز سازش کے تحت آئے ہیں۔

جن کے مقاصد قومی کھیل کو ترقی دینا نہیں بلکہ اسے دوبارہ پتھر کے زمانے میں لے جانا ہے، صدر فیڈریشن چوہدری اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی اولیمپئن جتنی جلدی ان افراد سے جان چھڑا لیں، اتنا ہی ان کا فائدہ ہو گا۔ آصف باجوہ نے کہا کہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے قوم اور فیڈریشن حکام کو سازش کے متعلق پہلے سے آگاہ کررہا ہوں کہ سابق اولمپئنز سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان ہاکی فیڈریشن پر قبضہ کرنے آئے ہیں، ان لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ ہاکی فیڈریشن پر قبضہ کرنا ہے تو پہلے فیڈریشن سے نوجوان آفیشلز کو نکالنا ہو گا۔