سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن ٹیم میں واپسی کے خواہشمند

 Kevin Pietersen

Kevin Pietersen

لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

انگلش بلے باز کا کہنا تھا کہ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی امید نہیں چھوڑی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ کر اپنی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کریں گے۔

کیون پیٹرسن کو 2012 میں اس وقت ٹیم سے نکال دیا گیا تھا۔ جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس کے بارے میں اشتعال آمیز ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے۔

انگلش بیٹسمین نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 8181 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے 136 ایک روزہ میچوں میں 4440 رنز جبکہ 37 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1176 رنز بنائے ہیں۔