پیرس (جیوڈیسک) سابق فرانسیسی صدر جیک شیراک کو گنٹھیا کا مرض، ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ سابق فرانسیسی صدر جیک شیراک جو کہ کئی سالوں سے خرابی صحت کا شکار ہیں کو گنٹھیا کا مرض کی وجہ سے پیرس کے قریب ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ یہ بات سابق فرانسیسی صدر کے قریبی ذرائع نے بتائی ہے۔
ایک ایمبولینس اور موٹر بائیکوں کو 81 سالہ سابق صدر کے گھر کے سامنے صبح آٹھ بجے کے قریب دیکھا گیا۔ بعد ازاں ان کا نیولی کے سرسبز نواح میں پیرس کے امریکن ہسپتال میں معائنہ کیا گیا۔ یہ بات ایک حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی۔ شیراک کے اندرونی حلقے کے ایک رکن نے کہا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔
کوئی متعلقہ اہم ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔ ہمیں گنٹھیا کے مرض کے بارے میں شبہ ہے۔ شیراک جنہیں 2005ء میں دل کا دورہ پڑا تھا کا دسمبر میں گردے کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔ وہ 1995ء سے 2007ء تک فرانس کے صدر رہے جبکہ وہ قبل ازیں دو مرتبہ وزیراعظم کے طور پر فائز رہے ہیں۔ انہیں حالیہ فرانسیسی تاریخ میں انتہائی مقبول سیاستدان خیال کیا جاتا ہے۔