لاہور (جیوڈیسک) سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے بیٹے حسین کھر پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انھیں اغوا کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشن حیدر اشرف کہتے ہیں تھانوں میں بھی چیک کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے حسین کھر کو پولیس کسی کیس میں لے گئی ہو۔
کلمہ چوک کے نزدیک عسکری فلیٹ میں رہائش پزیر سابق گورنر پنجاب مصطفے کھر کا بیٹا حسین کھر اپنی گھر آ رہا تھا کہ راستے میں اسے اغواء کر لیا گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ گئی اور حسین کھر کی تلاش کے لیے شہر کے تمام خارجی راستوں پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشن حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ حسین کھر کے اغواء کے وقت سلوررنگ کی پراڈو اور پولیس کی گاڑی کو دیکھا گیا۔ حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ تمام تھانوں میں حسین کھر کو چیک کیا جا رہا ہے کہ کہیں کسی کیس میں ملوث ہونے پر پولیس انھیں پکڑ کر نہ لے گئی ہو۔