لندن (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کو فون کیا اور ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر ان سے تعزیت کی۔
ایم کیو ایم کے جاری بیان کے مطابق رحمان ملک نے کہا کہ کارکنوں کو جس بے رحمی سے قتل کیا گیا ہے اس پر انہیں ذاتی طو ر پر بہت دکھ ہے اور وہ الطاف حسین ، ایم کیوایم اور کارکنوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے علاوہ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایم کیوایم اپنے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم کو واپس لینے پر غور کرے گی۔